Maryam Nawaz 80

نواز شریف صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ آج وطن واپس پہنچیں گے

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج وطن واپس پہنچیں گے۔

سابق وزیراعظم کا بذریعہ ابوظہبی شام سوا 6 بجے کے قریب پاکستان پہنچنے کا امکان ہے جب کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں لاہور ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کے لیے 16 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔

نیب حکام کے مطابق دو ٹیمیں لاہور ایئرپورٹ اور دو ٹیمیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات ہوں گی۔

نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے بعد راول پنڈی لایا جائے گا جہاں سے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی اور احتساب عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی جائے گی۔

روانگی سے قبل مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اپنے بچوں کو کہا ہے جبر کے ماحول کا بہادری سے سامنا کرو لیکن بچے تو بچے ہوتے ہیں، بڑے بھی ہوں تو بھی ان کے لیے خیرباد کہنا مشکل ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں